آئی سیلوٹ یو مسٹر پریذیڈنٹ

گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریر ختم کی، تو اسی لمحے پاکستان کے وزیراعظم کو مائیک سونپا گیا۔ منظر ایسا لگا جیسے سب کچھ پہلے سے طے شدہ ہو۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مسکراہٹوں اور جملوں کا تبادلہ اس ہم آہنگی کا ثبوت دے رہا تھا جس کی مثال حالیہ برسوں میں کم ہی دیکھنے کو ملی۔ شہباز شریف صاحب نے ٹرمپ کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دیے، انہیں امن کا سفیر قرار دیا، حتیٰ کہ سٹیج پر کھڑے ہو کر کہا —

“آئی سیلوٹ یو مسٹر پریذیڈنٹ”۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ “آپ کی وجہ سے لاکھوں زندگیاں بچ گئی ہیں، اور پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی جو کوششیں ہوئیں، ان کا کریڈٹ بھی آپ ہی کو جاتا ہے۔”

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تعریف پر مسکراتے ہوئے مائیک پکڑا اور حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا:

“Wow, I didn’t expect that. Let’s go home. There’s nothing more I have to say. Goodbye everybody. That was really beautiful and beautifully delivered. Thank you very much.”

یہ جملے ٹرمپ کی حیرت اور خوشگواری دونوں کا اظہار تھے — جیسے وہ خود بھی اس غیر متوقع گرمجوشی سے متاثر ہوئے ہوں۔ دلچسپ پہلو یہ تھا کہ جیسے ہی ٹرمپ کی تقریر ختم ہوئی، فوراً شہباز شریف صاحب کو بلایا گیا۔ دونوں کی گفتگو میں ایک خاص ہم آہنگی محسوس کی جا رہی تھی، جیسے پیغام پہلے سے طے شدہ ہو۔

اس منظر کو دیکھ کر شاید پاکستان تحریک انصاف کے حلقے حیران ہوں، کیونکہ ایک وقت تھا جب یہی تحریک انصاف کے رہنما کہتے تھے کہ “جیسے ہی ٹرمپ صدر بنے گا، عمران خان جیل سے اسی دن باہر ہوں گے۔” مگر آج حالات کچھ اور کہانی سنا رہے ہیں — اب امریکی صدر اور پاکستان کے وزیراعظم کی کیمسٹری اس قدر میچ ہو چکی ہے کہ لگتا ہے اگلی مدت کے لیے بھی وزیراعظم کا عہدہ شاید انہی کے پاس رہے گا۔

شہباز شریف اور ٹرمپ کی یہ ملاقات بظاہر ایک رسمی تقریب تھی، مگر اس کے مناظر، اشارے اور باڈی لینگویج عالمی سیاست کے بدلتے توازن کا پتا دے رہی تھی۔ “جو کرا رہا ہے امریکہ کرا رہا ہے” سے “آئی سیلوٹ یو مسٹر پریذیڈنٹ” تک کا یہ سفر صرف الفاظ کا نہیں، بلکہ بین الاقوامی سیاسی بیانیے کے ایک نئے رخ کی عکاسی بھی ہے۔

سیاست کا پہیہ گھوم رہا ہے، اور تاریخ ایک بار پھر یہی سبق دہرا رہی ہے کہ یہاں نہ کوئی مستقل دوست ہوتا ہے نہ دشمن — صرف مفادات، موقع، اور اقتدار۔

1
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x