(ویب ڈیسک)
لاہور: پاکستان کے خصوصی سنوکر کھلاڑی شہزاد بٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین ڈس ایبیلٹی سنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
قومی کیوئسٹ نے گروپ مرحلے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ، فرانس، آئس لینڈ اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔
شہزاد بٹ کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف پاکستانی شائقینِ سنوکر بلکہ بین الاقوامی سنوکر کمیونٹی کی بھی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
ایونٹ کا سیمی فائنل کل البانیہ میں کھیلا جائے گا، جس میں شہزاد بٹ کا مقابلہ آئس لینڈ کے برائنجرو والدیمرسن سے ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر شہزاد بٹ نے اسی طرح عمدہ کارکردگی جاری رکھی تو وہ فائنل میں جگہ بنا کر پاکستان کے لیے ایک اور تاریخی کامیابی سمیٹ سکتے ہیں۔