اسلام آباد۔۔سپریم کورٹ میں عمر ایوب اور شبلی فراز نااہلی کیس کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ اپی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز کی نشست پر 30 اکتوبر کو پولنگ جبکہ عمر ایوب کی قومی اسمبلی نشست پر 23 نومبر کو پولنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کے خلاف دائر درخواست کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ سپریم کورٹ میں لایا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو 13 اکتوبر کے عدالتی ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ اگر اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر نہ کیا گیا تو یہ غیر مؤثر ہو جائے گی۔