پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ
اسلام آباد: پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں قیمت فی کلو 300 روپے سے اوپر جا پہنچی ہے جبکہ اسلام آباد میں یہ 400 روپے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتوں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جس نے عام گھریلو صارفین کے بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔
بڑے شہروں میں قیمتیں
اسلام آباد: 380 روپے فی کلو
راولپنڈی: 360 روپے فی کلو
فیصل آباد: 350 روپے فی کلو
لاہور: 340 روپے فی کلو
سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان: 320 روپے فی کلو
کراچی، پشاور: 300 روپے فی کلو
سرگودھا، بہاولپور: 280 روپے فی کلو
حیدرآباد، لاڑکانہ، بنوں: 250 روپے فی کلو
سکھر: 240 روپے فی کلو
ماہرین کی رائے
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی پیش گوئی پہلے ہی کر دی گئی تھی اور اب وہ خدشات حقیقت بنتے جا رہے ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں اوسطاً 88 روپے 22 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
دیگر اشیاء کی صورتحال
ٹماٹر کے ساتھ ساتھ پیاز، لہسن، آٹا، دالیں، دودھ، گھی، خوردنی تیل، مٹن اور سرخ مرچ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
تاہم کچھ اشیائے ضروریہ، جیسے برائلر چکن، آلو اور ایل پی جی سلنڈر سستے ہوئے ہیں، جبکہ 20 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔