اسلام آباد۔۔ عالمی عدالت انصاف نے فلسطین سے متعلق ایک تاریخی مشاورتی فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسرائیل اپنے داخلی قوانین کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نافذ نہیں کر سکتا۔ عدالت نے کہا ہے کہ اسرائیل انسانی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالے اور فلسطینی عوام کو خوراک، پانی، ایندھن اور طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے۔
پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے “تاریخی” قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے اس پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں تحریری اور زبانی دلائل کے ذریعے فلسطینی مؤقف کی بھرپور حمایت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے یو این آر ڈبلیو اے (UNRWA) کے کردار کو ناقابلِ متبادل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امدادی سرگرمیوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر بحال کیا جائے۔