اسلام آباد۔۔۔وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح گھٹ کر 4 فیصد پر آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 13 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 15 اشیاء سستی ہوئیں اور 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے لہسن 1.86 فیصد، کوکنگ آئل 1.54 فیصد، انڈے 0.81 فیصد اور گھی 0.40 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح کیلے، آٹا، ایل پی جی اور سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب سبزیوں کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 30.11 فیصد سستے ہوئے، جبکہ پیاز 12.41 فیصد اور آلو 6.92 فیصد تک سستے ہوگئے۔ اس کے علاوہ چکن کی قیمت میں 4.46 فیصد اور چینی کی قیمت میں 3.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال چنا، دال مسور، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔