اسلام آباد: عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے پاکستان میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کے سلسلے میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد طبی کارکنان کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس تربیتی عمل کا مقصد ملک بھر میں خسرہ اور روبیلا کے خلاف مؤثر ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانا ہے، تاکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
مہم کے دوران نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کی زیادہ سے زیادہ ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے ہیلتھ ورکرز، نرسز، ویکسینیٹرز اور سپروائزری عملے کو جدید تربیت دی جا رہی ہے۔
ڈبلیو ایچ او اور وزارت صحت کے اشتراک سے جاری اس مہم کے تحت عوام میں آگاہی، ویکسین کی فراہمی اور نگرانی کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو خسرہ و روبیلا کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔