اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے جعلی بکنگ سے بچانے کے لیے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ترجمان وزارت کے مطابق یہ فہرست اسلامی سال 1447 ہجری کے لیے قابلِ عمل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عمرہ زائرین بکنگ سے قبل وزارت کی ویب سائٹ پر کمپنی کی لازمی تصدیق کریں۔ رقم کی ادائیگی صرف بینک کے ذریعے متعلقہ کمپنی کے اکاؤنٹ میں کی جائے اور ادائیگی کے بعد رسید اور معاہدے کی کاپی ضرور حاصل کی جائے۔
ترجمان نے کہاکہ زائرین صرف ان کمپنیوں سے پیکج بک کریں جو ویزہ، فضائی ٹکٹ، ٹرانسپورٹ اور رہائش پر مشتمل مکمل سہولت فراہم کرتی ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق یہ اقدامات عمرہ زائرین کو جعل سازی اور دھوکہ دہی سے محفوظ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔