اسلام آباد۔۔۔۔جنوبی پنجاب میں دریائے چناب اور ستلج میں غیر معمولی سیلاب کے باعث جلال پور پیر والا کے اطراف حفاظتی بندوں میں شگاف پڑ گیا اور شہر کے گرد پانی کا دباؤ بڑھ گیا۔ ترجمان این ایچ اے کے مطابق سیلابی پانی سے موٹروے ایم۔فائیو کے پانچ سٹرکچرز مکمل جبکہ چار جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جانوروں کے لئے مختص گذرگاہوں میں پانی کے بہاؤ نے سٹرکچر کو نقصان پہنچایا، تاہم موٹروے کے نیچے پانی کے بہاؤ کیلئے مختص پوائنٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
این ایچ اے کے مطابق متاثرہ مقامات پر سٹون پیچنگ کے ذریعے مضبوطی کا کام جاری ہے۔
چیئرمین این ایچ اے کا کہنا ہے کہ کم سے کم وقت میں ایم۔فائیو کی بحالی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے بہترین مشینری اور ماہر افرادی قوت استعمال کی جا رہی ہے۔ متاثرہ مقام پر وافر مقدار میں پتھر اور دیگر درکار سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
این ایچ اے کا عملہ دیگر مقامات پر بھی سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہے۔