کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کیٹی بندر پورٹ منصوبے کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شروع کیا تھا جسے اب جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
امریکی نائب مشن سربراہ نٹالی ایشٹن بیکر سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کیٹی بندر پورٹ کی بحالی کراچی پورٹ پر دباؤ کم کرے گی اور علاقائی تجارت کو فروغ دے گی۔ اس موقع پر شاہراہِ بھٹو کو کیٹی بندر پورٹ تک بڑھانے پر بھی بات ہوئی تاکہ بھاری ٹریفک کو شہری علاقوں سے ہٹایا جا سکے۔
امریکی سفارتکار نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، خاص طور پر خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور بتایا کہ جلد امریکی کاروباری وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے امریکا کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جیل اصلاحات میں تعاون کو سراہا، جس کے تحت 20 ملین ڈالر مالیت کا سامان اور تکنیکی مدد فراہم کی گئی ہے۔
ملاقات میں سیلابی نقصانات، غذائی تحفظ اور سندھ کو اقوام متحدہ و این جی اوز کی جانب سے دی گئی 2.25 ملین ڈالر کی امداد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔