حوثی باغیوں کا سعودیہ کے 3 شہروں پر حملہ

فرخ تنویرملک

ریاض، صنعا،دوحہ۔۔۔۔۔۔۔۔یمن میں حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں پر تازہ میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جبکہ یمن کے وزیر دفاع طاہر العقیلی کے قافلے پر حملہ کرکے انہیں یرغمال بنانے کا دعوی بھی کیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور جازان کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے۔ترجمان نے حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی، تاہم کہا کہ اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، قومی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ان حملوں کا مناسب جواب دیں گی۔یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں تیزی آگئی ہے۔اس کے علاوہ یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل طاہر علی کے قافلے پر صوبہ الضالع میں حملے اور گھیرا ئوکی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد وزیر دفاع کے تمام محافظوں کو قابو کرکے حراست میں لے لیا گیا جبکہ وزیر دفاع کو بھی محصور کردیا گیا ہے اور ان کے ممکنہ اغوا یا یرغمال بنائے جانے سے متعلق متضاد اطلاعات گردش کر رہی ہیں تاہم واقعے کی حتمی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی۔حوثی باغیوں کے متوازی وزیر دفاع محمد ناصر کے بارے میں بھی اطلاعات ہیں کہ گزشتہ روز صوبہ تعز کے مغربی علاقے البرح میں یمنی فوج نے ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جہاں متعدد حوثی کمانڈر ہلاک ہوئے۔ ادھرسعودی شہری دفاع نے خمیس، مشیط کے علاقوں میں خطرے کا الرٹ جاری کر کے واپس لے لیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی شہری دفاع نے 24 گھنٹوں میں چوتھی بار خطرے کا الرٹ جاری کیا۔سول ڈیفنس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں عوام کو ہدایت کی کہ علاقے میں جمع ہونے اور ویڈیو بنانے سے گریز کریں۔واضح رہے کہ خمیس، مشیط اور ابہا سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے ہیں اور یمن کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔ دریں اثنا قطر کے حکام نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ کی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں قطر کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان علاقائی سلامتی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x