مصنوعی ذہانت (AI) جدید دنیا کا ایک ایسا انقلابی موضوع بن چکی ہے جو ہر شعبہ زندگی میں تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہے۔ ایک طرف اسے انسانی ترقی کی معراج قرار دیا جا رہا ہے تو دوسری طرف اس کے ممکنہ خطرات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس تناظر میں ایک اہم سوال یہ ابھر رہا ہے: کیا AI آخرکار انسان کی ضرورت ہی ختم کر دے گی؟
اس سوال کا کوئی یک جوابی فی الحال ممکن نہیں لیکن یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ AI انسانی کردار اور پیشوں کے دھارے کو یکسر بدل رہی ہے۔ اس بات کی ایک واضح مثال حال ہی میں البانیہ کا اٹھایا گیا ایک غیر معمولی قدم ہے جہاں دنیا کی پہلی AI وزیر ‘ڈیئلا’ کو تقرر کیا گیا۔ یہ محض ایک تکنیکی پیشرفت نہیں بلکہ سیاسی اور انتظامی نظاموں میں ایک انقلابی تبدیلی کی علامت ہے۔
ڈیئلا نے اپنے پہلے ہی خطاب میں واضح کیا کہ وہ انسانوں کی جگہ لینے نہیں، بلکہ ان کی مدد اور معاونت کرنے آئی ہے۔ یہ بیان اگرچہ حوصلہ افزا ہے لیکن یہ متعدد نئے خدشات کو بھی جنم دیتا ہے۔ کیا مستقبل قریب میں ہماری پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ بھی روبوٹس اور الگورتھمز کے سپرد ہو جائیں گی؟
فی الوقت AI کے نظام جذبات سے عاری ہیں اور صرف وہی کام کر سکتے ہیں جن کے لیے انہیں پروگرام کیا جاتا ہے۔ اس کے متعدد مثبت پہلو ہیں جیسے کہ بدعنوانی میں کمی، سرکاری دفاتر میں کام کی رفتار میں اضافہ اور عدالتی فیصلوں میں تیزی۔ تاہم، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ سب کب تک اور کن حالات میں ممکن ہوگا؟ اگر انسانی کردار مسلسل محدود ہوتا گیا تو اس کا سب سے بڑا خمیازہ بھی انسانیت کو ہی بھگتنا پڑے گا۔
حقیقت یہ ہے کہ ترقی اچھی ہے، لیکن اگر اس کی راہ میں انسان اپنی انفرادیت، جذبات اور اخلاقی قدروں سے ہاتھ دھو بیٹھے تو یہ خطرے کی گھنٹی سے کم نہیں۔ مستقبل کے لیے ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک ایسا توازن قائم کریں جہاں ٹیکنالوجی ترقی کرے مگر انسان اپنی مرکزی حیثیت، جذباتی برتری اور اخلاقیات کے ساتھ اس کا حصہ بنا رہے۔ ورنہ، ہم ایک ایسی دنیا چھوڑ جائیں گے جو مشینوں سے تو بھری ہوگی لیکن انسانیت سے خالی ہوگی۔