لاہور، 19 ستمبر 2025: پاکستان میں ڈرائیونگ لائسنس کے ٹیسٹ کے عمل کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی خودکار گاڑی متعارف کرا دی گئی۔ ’آئی ٹیسٹ ڈرائیو‘ نامی یہ جدید گاڑی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تیار کی گئی ہے اور ابتدائی طور پر لاہور میں استعمال کے لیے پیش کی گئی ہے۔ عام سی نظر آنے والی اس گاڑی میں جدید ٹیکنالوجی نصب ہے جس میں ڈرائیور کے سامنے چہرے کی شناخت کے لیے کیمرہ، چار بیرونی کیمرے، بایومیٹرک مشین اور سینسرز شامل ہیں۔
یہ سسٹم امیدوار کی شناخت کی تصدیق، ڈرائیونگ کے دوران حرکات کی نگرانی اور خودکار فیصلہ سازی کے ذریعے ٹیسٹ کے عمل کو شفاف بناتا ہے۔ گاڑی میں نصب سافٹ ویئر امیدوار کی کارکردگی کا مکمل ریکارڈ تیار کرتا ہے، جیسے گاڑی کتنی بار اسٹارٹ کی گئی، بریک اور انڈیکیٹر کا استعمال کیسے ہوا، اور ڈرائیونگ کے دوران قواعد کی کتنی بار خلاف ورزی کی گئی۔حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے ڈرائیونگ ٹیسٹ کا عمل زیادہ منصفانہ، شفاف اور بدعنوانی سے پاک بنانے میں مدد ملے گی۔