نیویارک:
اسٹریمنگ کی دنیا میں بڑا قدم — نیٹ فلکس (Netflix) نے اب اپنے صارفین کو ٹی وی پر ویڈیو گیمز کھیلنے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین اپنے موبائل فون کو کنٹرولر کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بڑی اسکرین پر گیمز کھیل سکیں گے۔
نئی سہولت کی تفصیل
نیٹ فلکس کے شریک چیف ایگزیکٹو گریگ پیٹرز نے بلومبرگ اسکرین ٹائم کانفرنس میں اعلان کیا کہ یہ اقدام تفریح کی دنیا میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
ان کے مطابق کمپنی ایسے سوشل گیمز تیار کر رہی ہے جنہیں دوست اور اہلخانہ مل کر کھیل سکیں۔
ابتدائی مرحلے میں نیٹ فلکس نے چند مشہور گیمز متعارف کرائی ہیں، جن میں
بوگل پارٹی، ٹیٹرس ٹائم واؤرپ، پکشنری گیم نائٹ اور لیگو پارٹی شامل ہیں۔
صارفین اب اسمارٹ ٹی وی یا رُوکو جیسے اسٹریمنگ ڈیوائسز کے ذریعے گیمز کھیل سکیں گے۔
گیم شروع کرنے کے لیے موبائل فون کو کنٹرولر کے طور پر جوڑنے کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔
نیٹ فلکس کی گیمنگ حکمتِ عملی
گیمنگ ڈویژن کے سربراہ ایلین ٹاسکن کے مطابق، کمپنی طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کلاؤڈ سسٹم کو بہتر بنا رہی ہے تاکہ اس شعبے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ فلکس کا مقصد اپنی اسٹریمنگ سروس کو محض فلموں اور ڈراموں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے ایک جامع تفریحی پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا ہے۔