شیری رحمان نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے دو ریاستی حل پر دیا بیان

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے دو ریاستی حل کی قرارداد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ فلسطین کی حمایت میں 142 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے قرارداد کی منظوری اسرائیل کے جارحانہ بیانیے کی شکست ہے۔ ان کے مطابق فلسطین کا مسئلہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ میں منظور ہونے والی قرارداد تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں مستقل بدامنی چاہتا ہے، تاہم دو ریاستی حل ہی خطے کو بچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ہٹ دھرمی عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور فلسطینی عوام نے اپنی آزادی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں، اب دنیا کو ان کا ساتھ دینا ہوگا۔

شیری رحمان کے مطابق دو ریاستی حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں، اسرائیل کو اقوام متحدہ کی قرارداد تسلیم کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قرارداد کو مسترد کرنا عالمی برادری کی متفقہ رائے کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست کا قیام خطے کے امن و ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور یہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی واحد ضمانت ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل کا رویہ خطے میں مسلسل بدامنی کا سبب بن رہا ہے۔

شیری رحمان نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور مظلوموں کی حمایت ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت بھی کی اور کہا کہ یہ حملہ قطر کی جانب سے غزہ جنگ بندی کے لیے ثالثی اور امن کی کوششوں پر ایک کھلا وار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی حد سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور عالمی برادری کو اب فیصلہ کن اقدام اٹھانا ہوگا۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x